سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بناکر نیوزی لینڈ نے سیریز منسوخ کردی

راولپنڈی: کرکٹ کے متوالوں کے لیے مایوس کُن اور بُری اطلاع یہ ہے کہ پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے اچانک سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بناکر سیریز منسوخ کرنے اور وطن واپس جانے کا اعلان کردیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی اسٹیڈیم میں دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا اور پاکستان 18 سال بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کے لیے تیار تھا، تاہم اچانک مہمان ٹیم کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ ختم کرکے ٹیم کو واپس بلانے کا اعلان سامنے آگیا۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اور آفیشلز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی، جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا، تاہم اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخ کردیا۔
پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے صبح بتایا کہ انہیں سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے الرٹ موصول ہوئے ہیں جس کے باعث دورہ پاکستان منسوخ کرنا ہوگا اور ٹیم کو واپس وطن بھیج دیا جائے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم دورے کو شیڈول کے مطابق جاری رکھنا چاہتے ہیں اور تمام انتظامات بھی مکمل ہیں لیکن آخری لمحے میں نیوزی لینڈ کے فیصلے سے کرکٹ کے شائقین کو مایوسی ہوئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔