پیٹرن ان چیف

’ہمارا عزم، سچ اور علم کے ساتھ مستقبل کی سمت پیش قدمی!‘‘: حنید لاکھانی
(ممتاز ماہر تعلیم، سیاست داں، سماجی کارکن، ٹیم لیڈر)

’’وائس آف سندھ‘‘ کے پیٹرن ان چیف حنید لاکھانی پاکستان کی بہترین جامعہ ’’اقرا یونیورسٹی‘‘ کے بانی چانسلر ہیں۔ اس جامعہ کے سات کیمپسس میں 30 ہزار طلبا زیر تعلیم ہیں۔ اُنھوں نے اقرا یونیورسٹی کے پلیٹ فورم سے پاکستانی طلبا کو بین الاقوامی جامعات کے تعلیمی پروگرامز تک رسائی کا سنہری موقع فراہم کیا۔ 1998 میں لگایا جانے والا یہ پودا اب ایک تن آور درخت بن چکا ہے۔

وہ بہ طور سیاست داں کراچی کے روشن مستقبل کے لیے کوشاں ہیں۔ حنید لاکھانی پاکستان تحریک انصاف کا فعال حصہ ہیں، کراچی ڈیژون کے سینئر وائس پریذیڈنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں اور شہریوں کو فعال اور بااختیار بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

امریکن انٹرکونٹی نینٹل یونیورسٹی سے بیچلرز اور ہارورڈ بزنس اسکول سے اونز کرنے والے حنید لاکھانی The Academy Education Network کے چیئرمین ہیں، جس کی کراچی میں 14 شاخیں ہیں، جن میں چھ ہزار طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں۔

سماجی شعبے میں بھی ان کی خدمات نمایاں ہیں۔ 1999 میں انھوں نے ’’سوئٹ ہوم فائونڈیشن‘‘ کی بنیاد رکھی، جس کے تحت ذہنی معذور اور یتیم بچوں کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس پراجیکٹ کے تحت 2005 کے زلزلہ متاثرین کے لیے 300 گھر تعمیر کیے گئے۔ حنید لاکھانی پاکستان بیت المال کے رکن بھی ہیں۔

’’اقرا سوئٹ ہوم ٹرسٹ‘‘ ان کی ایک قابل قدر کاوش ہے۔ 2016 میں اس منصوبے کی بنیاد رکھی گئی، جس کے تحت 60 یتیم بچوں کی کفالت کی جارہی ہے اور ملیر میں چار ایکٹر کے رقبے پر 200 بچوں کی گنجایش کا شیلٹر ہوم زیر تعمیر ہے۔

وہ کراچی میں سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور بلدیاتی مسائل حل کرنے کے لیے بھی فعال رہے۔ ’’وطن فائونڈیشن‘‘ کے تحت نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا بھی حنید لاکھانی کا ایک موثر منصوبہ ہے۔

حنید لاکھانی کی کامیابیوں کی فہرست میں Harvard University Alumni Association of Pakistan کا نائب صدر اور ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ یونیورسٹی اینڈ انسٹی ٹیوٹ کا بانی صدر ہونا بھی شامل ہے۔ وہ ینگ پریزیڈنٹس آرگنائزیشن YPO کے بانی اور صدر اور سندھ آئی ٹی بورڈ کے رکن ہیں۔
رئیل اسٹیٹ میں بھی حنید لاکھانی کی جدید سوچ کے عملی مظاہرے مختلف منصوبوں کی صورت دکھائی دیتے ہیں۔

’’وائس آف سندھ‘‘ کے زیر اہتمام وہ پاکستانی شہریوں کو ایک ایسا پلیٹ فورم فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، جو انھیں نظریہ پاکستان کا شعور عطا کرتے ہوئے اِس راہ پر پیش قدمی کا حوصلہ دے، جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی سمت جاتی ہے۔