محبوب سے ملنے پاکستان آنے والی بھارتی لڑکی کو انڈین فورسز نے دھرلیا

نئی دہلی: پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار بھارت کی 24 سالہ اسکول ٹیچر کو پاکستان آنے کی کوشش کے دوران واہگہ بارڈر پر بھارتی پولیس نے دھرلیا۔
بھارت کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا سے نوجوان اسکول ٹیچر فضہ خان کو پاکستان میں موجود اپنے محبوب دلشاد سے شادی کرنے کے لیے لاہور آنے کی کوشش کے دوران واہگہ بارڈر پر گرفتار کرکے دارالامان بھیج دیا گیا۔
بھارتی لڑکی کی پاکستانی نوجوان سے دوستی سوشل میڈیا پرہوئی تھی اور دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ لڑکی نے نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن سے ویزا حاصل کیا اور گھر والوں کو بتائے بغیر پاکستان کے لیے روانہ ہوگئی۔
لڑکی کے والدین نے گمشدگی کی اطلاع تھانے میں دی جس پر تمام ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشن اور بس اڈوں کو معلومات فراہم کردی گئیں۔ یہ تفصیلات واہگہ بارڈر پر بھارتی سیکیورٹی فورس کو بھی بھیجی گئی تھیں۔
لڑکی جیسے ہی واہگہ بارڈر پہنچی تو بھارتی اہلکاروں نے اسے تحویل میں لے لیا۔ بھارتی سیکیورٹی فورسز نے عشق اور محبت کی اس داستان کو حساس سیکیورٹی موضوع بنادیا۔ لڑکی کو جلد مدھیہ پردیش کی پولیس کے حوالے کردیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔