چابی کے سوراخ سے 7 تیر گزارنے کا ورلڈ ریکارڈ

واشنگٹن: دُنیا کے ماہر ترین تیر انداز لارز اینڈرسن نے 30 فٹ کی دوری سے ایک کے بعد ایک سات تیر دروازے میں چابی کے سوراخ سے گزارے ہیں جب کہ سوراخ کا دہانہ محض 10 ملی میٹر تھا۔
لارز نے اس حیران کن فن کا مظاہرہ یکم جون 2022 کو کیا تھا، لیکن اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے روایتی کمان سے سات تیر داغے جو حیرت انگیز طور پر دروازے پر چابی کے سوراخ سے آر پار ہوگئے۔ اس نازک کام میں بہت مہارت کی ضرورت تھی ورنہ معمولی جنبش سے بھی تیر اپنے ہدف تک نہیں پہنچ سکتا تھا۔
لارز اینڈرسن نے اس کی ویڈیو بنائی تھی جو اب بھی مقبول ہے، جس میں وہ تیزی سے تیر پھینکتے ہیں اور ایک منٹ میں اپنا کام مکمل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ 50 سال کے لارز اینڈرسن کو دنیا کا تیز رفتار تیر انداز بھی کہا جاتا ہے۔

اپنے مظاہرے میں انہوں نے کاربن کے تیر استعمال کیے جن میں سے کسی کے سرے پر کوئی پر لگا ہوا نہیں تھا۔ تاہم انہوں نے اس مظاہرے میں ترکی سے بنا ہوا روایتی کمان استعمال کیا تھا۔ اس سے قبل وہ ڈیڑھ سیکنڈ میں تین تیر پھینک چکے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ انہیں اوائل عمری سے ہی تیر اندازی کا جنون تھا اس سے قبل وہ آنکھوں پر پٹی باندھ کر تیراندازی کرچکے ہیں۔ اپنی جانب آنے والے تیر ہاتھوں سے پکڑ چکے ہیں اور الٹی کمان سے بھی تیر اندازی کر چکے ہیں۔ اس پر 2015 میں ایک ویڈیو بنائی گئی تھی جو کروڑوں افراد دیکھ چکے ہیں۔
لارز کہتے ہیں کہ وہ قدیم تیر اندازی کے فن کو زندہ کرنا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس پر تاریخی کتب کا مطالعہ بھی کرتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔