یو اے ای میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ

ابوظبی: تین ماہ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد متحدہ عرب امارات نے نومبر کے لیے 29 فلوس فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں پٹرول کی قیمتوں میں 28 فلوس فی لیٹر کمی کی گئی تھی جب کہ ستمبر اور اگست میں بھی 12 سے 14 فیصد کمی کی گئی تھی۔ خیال رہے کہ 100 فلوس کا ایک درہم بنتا ہے۔
تاہم نومبر میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سپر پٹرول فی لیٹر 3.32 درہم، اسپیشل پٹرول 3.20 درہم اور ای پلس 91 پٹرول 3.13 فی لیٹر ہوگیا یعنی پاکستانی روپوں میں 200 روپے فی لیٹر پٹرول ہوگیا۔
متحدہ عرب امارات میں پٹرول کے ساتھ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈیزل کی نئی قیمت 3.98 فی لیٹر ہوگئی جو قریباً 240 پاکستانی روپے بنتے ہیں۔
یو اے ای میں ہر ماہ کے آخری ہفتے میں آئندہ ماہ کے لیے پٹرول کی قیمتوں کا تعین سرکاری سطح پر کیا جاتا ہے۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ امارات میں سردیوں کے موسم میں پٹرولیم مصنوعات میں مزید اضافہ ہوگا۔
دوسری طرف قطر نے مسلسل چوتھے ماہ بھی پٹرول کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا، وہاں پٹرول کی قیمت 2.10 قطری دینار فی لیٹر ہے جو پاکستانی روپوں میں 128 روپے بنتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔