صندل خٹک جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل

اسلام آباد: حریم شاہ کی ویڈیوز لیک کیس میں عدالت نے ملزمہ ٹک ٹاکر صندل خٹک کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
ٹک ٹاکرصندل خٹک کے خلاف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ٹک ٹاکر حریم شاہ ویڈیوز لیک کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے کی۔
اس دوران ٹک ٹاکر صندل خٹک کو ریمانڈ کے لیے مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے دورانِ سماعت عدالت سے صندل خٹک کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے صندل خٹک کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ شریک ملزمہ عائشہ ناز کو شامل تفتیش کرنا ہے اور مزید تفصیلات لینی ہیں تاہم صندل خٹک کے وکیل کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی گئی۔
صندل خٹک کے وکیل کا عدالت میں کہنا تھا کہ صندل خٹک کا موبائل پہلے ہی تفتیشی افسر کی تحویل میں ہے۔
بعدازاں عدالت نے تفتیشی افسر کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ٹک ٹاکر صندل خٹک کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
خیال رہے کہ ایف آئی اے نے ٹک ٹاکر صندل خٹک کو پیر کو گرفتار کیا تھا۔
اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کی ویڈیوز لیک کیس کی سماعت کی تھی، دوران سماعت ملزمہ صندل خٹک نے مؤقف اپنایا کہ میں نے حریم شاہ کی ویڈیو بنائی اور نہ لیک کیں، حریم شاہ کی ویڈیوز ابھی لیک ہوئیں، وہ مجھے سال سے تنگ کررہی ہے، حریم مجھے نازیبا تصاویر کے ذریعے بلیک میل کررہی ہے۔
ٹک ٹاکر حریم شاہ نے دوران سماعت ویڈیوز اور تصاویر کمرہ عدالت میں دکھا دی تھیں۔
بعدازاں اسپیشل جج سینٹرل اعظم خان نے دلائل سنتے ہوئے ملزمہ صندل خٹک کی درخواست ضمانت مسترد کردی، جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔