اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

اسلام آباد/ لاہور: پاکستان کے وسطی اور شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد اور گردو نواح کے علاوہ مری، لاہور، گوجرانوالا، جہلم، حافظ آباد، چیچہ وطنی، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، شکر گڑھ، ظفروال، سیالکوٹ اور اطراف کے علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
خیبرپختونخوا میں زلزلے کے جھٹکے سوات، صوابی اور گردونواح میں محسوس کیے گئے۔
آزاد کشمیر میں مظفرآباد، دھیرکوٹ، سماہنی، باغ، وادی نیلم اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز مشرقی کشمیر تھا، زلزلہ 1 بج کر 4 منٹ پر آیا۔
یورپی زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز بھارت میں پٹھان کوٹ سے 99 کلومیٹر دُور تھا۔
زلزلے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے خوف زدہ ہوکر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر کی انتظامیہ سے نقصانات کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی کنٹرول روم سے تمام تر صورت حال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے ہدایت کی کہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے تیار رہیں، انتظامیہ عملے کو الرٹ رکھے اور بروقت رسپانس یقینی بنائے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں بھی زلزلےکےجھٹکے محسوس کیے گئے۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے بھارت کے شمالی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔