ورلڈکپ 2023: پاک بھارت 15 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گے

کراچی: کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں پاک، بھارت کرکٹ جنگ کا دن طے ہوگیا جب کہ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمدآباد میں ہوگا۔
ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ میں میزبان بھارت نے شیڈول ڈرافٹ تیار کرلیا، میڈیا رپورٹ کے مطابق روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمدآباد کے نئے اسٹیڈیم میں ہوگا، جس میں ایک لاکھ شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، 2019 میں سنسنی خیز فائنل کھیلنے والی انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی 15 اکتوبر کو افتتاحی دن میدان میں اتریں گی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ کا شیڈول ابھی آئی سی سی شیئر کیا ہے، جسے ورلڈ گورننگ باڈی نے شریک ملکوں کو فیڈبیک جاننے کے لیے بھی ارسال کیا ہے، حتمی شیڈول آئندہ ہفتے متوقع ہے، منظرعام پر آنے والے شیڈول میں ابھی تک سیمی فائنلز کے وینیوز کا ذکر نہیں کیا گیا، لیکن یہ مقابلے ممکنہ طور پر 15 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے، فائنل 19 نومبر کو احمدآباد میں ہی ہوگا۔
کرک انفو کے مطابق بھارتی ٹیم اپنے لیگ میچز ملک کے مختلف 9 وینیوز پر کھیلے گی، پاکستانی ٹیم کو لیگ میچز میں 5 وینیوز پر حریف ٹیموں کا سامنا کرنا ہوگا، پاکستان کو کوالیفائر سے آنے والی 2 ٹیموں کے خلاف 6 اور 12 اکتوبر کو حیدرآباد، دکن میں کھیلنا ہوگا، جس کے بعد گرین شرٹس 20 اکتوبر کو بنگلور میں آسٹریلیا کے مقابل آئیں گے۔
افغانستان سے ٹاکرا 23 اکتوبر اور جنوبی افریقا سے 27 اکتوبر کو چنئی میں مقابلہ طے کیا گیا ہے، بنگلادیش سے کولکتہ میں 31 اکتوبرکو میدان سجے گا، نیوزی لینڈ سے بنگلور میں میچ دن کی روشنی میں کھیلا جائے گا، انگلینڈ سے معرکہ 12 نومبر کو کولکتہ میں شیڈول کیا گیا ہے، مجوزہ شیڈول میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ 29 اکتوبر کو دھرم شالہ میں رکھا گیا ہے۔
اس کے علاوہ آسٹریلیااور انگلینڈ کی ٹیمیں 4 نومبر کو احمدآباد میں صف آرا ہوں گی، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں یکم نومبر کو پونے میں آمنے سامنے ہوں گی۔
میگا ایونٹ کے شیڈول میں اس بار ہونے والی تاخیر غیر معمولی ہے، ماضی میں منعقدہ دو ایڈیشنز 2015 اور 2019 کے شیڈول میگا ایونٹ سے چار ماہ قبل منظرعام پر آگئے تھے، اس سے قبل بھارتی بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے 27 مئی کو کہا تھا کہ ورلڈکپ کا شیڈول ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے دوران سامنے آجائے گا لیکن وہ اس میں ہونے والی تاخیر کا کوئی جواز نہیں پیش کرپائے تھے۔
دوسری جانب آئی سی سی بھی شیڈول میں ہونے والی تاخیر پر کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے پائی ہے، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیف ایلرڈائس نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ شیڈول کسی بھی وقت سامنے آسکتا ہے لیکن اس کی حتمی تاریخ کا ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔