آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو معیشت چلانا معجزہ ہوگا، وزیر داخلہ

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مریم نواز سے متعلق جس قسم کی گھٹیا اور نازیبا گفتگو کی اس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان کا اپنا تجربہ خراب رہا ہے، میرے خیال میں تو عمران خان جیسا گندا کردار تو لاکھوں میں کیا ملین میں بھی تلاش کرنے سے شاید ہی ملے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو ملکی معیشت کو چلانا کوئی معجزہ ہی ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ تمام اتحادیوں کا فیصلہ ہے کہ آئینی مدت پوری کریں گے، ہم اپنے اتحادیوں کو کوئی سرپرائز نہیں دیں گے اور جو بھی فیصلہ ہو گا باہمی مشاورت سے ہو گا۔
رانا ثناء نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں آئی ایم ایف کا جو کردار ہے وہ بہت اہم ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہم نے نہیں کیا لیکن اگر آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے تو پھر ملک کی معیشت کو چلانا کوئی معجزہ ہی ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن یہ بھی نہیں چاہتی کہ تیل کی قیمت بڑھا کر غریب عوام کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیا جائے، اگر شہباز شریف کو کام کرنے دیا جائے اور تمام اداروں کی جانب سے سپورٹ ملے تو ہمیں یقین ہے کہ ملک کو ان مشکل حالات سے نکال سکتے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف بھی چاہتے ہیں کہ مہنگائی کا طوفان لوگوں پر نہ توڑا جائے، اتحادی حکومت کے حوالے سے ساری مشاورت کو نواز شریف کی حمایت حاصل ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا لیکن اگر ہمیں کام کرنے سے روکا جائے گا، ہمارے ہاتھ پاؤں باندھے جائیں گے اور پرفارمنس پر شکوک کا اظہار کیا جائے گا تو پھر بڑی سیدھی بات ہے کہ جو ذمے دار ہیں وہ بھگتیں، ہم اتحادیوں سے مشاورت کے بعد عوام سے رجوع کریں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔