ایشیائی ممالک کا دورہ، صدر بائیڈن جنوبی کوریا پہنچ گئے

سیئول: امریکی صدر جوبائیڈن ایشیائی ممالک کے تین روزہ دورے کے سلسلے میں شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے تجربات اور یوکرین جنگ کے تناظر میں جنوبی کوریا پہنچ گئے، جس کے بعد وہ جاپان جائیں گے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جوبائیڈن امریکا کا منصب صدارت سنبھالنے کے بعد پہلی بار ایشیائی ممالک کے دورے پر ہیں۔ امریکی صدر نے 3 روزہ دورے کا آغاز جنوبی کوریا سے کیا ہے۔
جوبائیڈن نے اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب یون سوک یول سے دوبدو ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے حریف ملک شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے تجربات اور ممکنہ جوہری میزائل تجربے پر تشویش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں شمالی کوریا کو جارحیت سے روکنے کے لیے اقدامات پر غور کے علاوہ کورونا وبا سمیت یوکرین میں روسی جارحیت، ماحولیات، ٹیکنالوجی اور دو طرفہ تجارت جیسے نکات بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
جنوبی کوریا کے بعد جوبائیڈن جاپان جائیں گے جہاں وہ وزیراعظم فومیو کشیدہ سے ملاقات کریں گے۔
صدر جوبائیڈن ٹوکیو میں ہونے والی انڈو پیسیفک اکنامک فریم ورک کی لانچنگ تقریب میں شرکت کریں گے۔ یہ فریم ورک امریکا، بھارت، آسٹریلیا اور جاپان پر مشتمل ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔