دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کے 4 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز

کنگسٹن: کالی آندھی کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی قومی ٹیم کا ٹاپ بیٹنگ آرڈر بری طرح ناکام ہوگیا، تاہم کپتان بابراعظم اور فواد عالم کی ذمے دارانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے پہلے دن کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنالیے۔
کنگسٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی طرف سے عابد علی اور عمران بٹ میدان میں اترے لیکن دونوں ہی نے اپنی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رکھا، پاکستان کو 2 رنز پرپہلا نقصان عابد علی کی صورت میں اٹھانا پڑا، انہوں نے صرف ایک رن بنایا۔
ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے اظہر علی بھی کچھ نہ کرسکے اور کھاتہ کھولے بغیر ہی لوٹ گئے، 2 رنز پر ہی تیسری وکٹ عمران بٹ کی گری، انہوں نے بھی ایک رن بنایا۔
2 رنز پر 3 وکٹیں گنوادینے کے بعد بابر اعظم اور فواد عالم نے ذمے داری کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو کسی حد تک مشکلات سے نکالا، دونوں کے درمیان 158 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی، فواد عالم 76 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے تو بابر اعظم کا ساتھ دینے محمد رضوان میدان میں اترے، 168 رنز پر بابر اعظم 75 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان نے فہیم اشرف کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، 74 اوورز کا کھیل ہی ہوا تھا کہ کم روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کرنا پڑا، پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے، محمد رضوان 22 جب کہ فہیم اشرف 23 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز کو پاکستان پر ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔