چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہراکر برتری حاصل کرلی

لاہور: پاکستان کو مسلسل دوسرے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے کر نیوزی لینڈ نے سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 178 رنز بنائے، جواب میں پاکستان ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز تک محدود رہی۔ پاکستان کی طرف سے فخر زمان نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کیوی بولرز کے سامنے زیادہ دیر ٹک نہ سکا۔
افتخار احمد نے 23، صائم ایوب نے 20، عثمان خان نے 16، شاداب خان 7 اور بابر اعظم نے 5 رنز بنائے، عباس آفریدی ایک رن بناسکے جب کہ عماد وسیم 22 اور محمد عامر ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ولیم او روروک نے 3، بین سیئرز نے 2، مائیکل بریسویل اور جیمز نیشم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ کیوی ٹیم کی طرف سے ٹم رابنسن 51، ٹام بلینڈل 28، ڈین فاکس کرافٹ 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ مائیکل بریسویل نے 27 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے عباس آفریدی نے 3، محمد عامر، زمان خان، اسامہ میر اور افتخار احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
چوتھے ٹی 20 میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ عرفان نیازی کی جگہ عماد وسیم، محمد رضوان کی جگہ فخر زمان اور ابرار احمد کی جگہ اسامہ میر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بینچ پر بیٹھنے والے محمد عامر اور زمان خان بھی پلیئنگ الیون میں شامل تھے جب کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا۔
5 میچز پر مشتمل سیریز میں کیوی ٹیم کو 1-2 سے برتری حاصل ہوگئی ہے جب کہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
سیریز کا پانچواں اور آخری میچ لاہور میں کل 27 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔