آئی ایم ایف ڈیل کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی، ڈالر بھی سستا

کراچی: عیدالاضحیٰ کی پانچ چھٹیوں کے بعد کاروباری ہفتے کے پہلے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری دیکھی جارہی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے سستا ہوگیا، جس کے بعد ڈالر کا بھاؤ 285 روپے ہے۔
عید سے قبل اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے کی کمی کے بعد 290 روپے پر بند ہوا تھا جب کہ انٹربینک میں ڈالر 72 پیسے سستا ہو کر 286 روپے 99 پیسے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کی ڈیل کے بعد کاروبارکے پہلے دن اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آرہی ہے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں پہلی بار کاروبار کا 2230 پوائنٹس اضافے کے ساتھ آغاز ہوا۔
کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈرڈ انڈیکس یکدم 5.3 فیصد اوپر گیا، جس کے بعد کاروبار ایک گھنٹے کے لیے روک دیا گیا۔
کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈرڈ انڈیکس 43 ہزار کی سطح عبور کرگیا اور انڈیکس 2068 پوائنٹس اضافے سے 43521 تک جاپہنچا۔
ایک گھنٹے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا دوبارہ آغاز مثبت انداز میں ہوا اور ہنڈرڈ انڈیکس 5.62 فیصد اضافے سے 43783 پر چلا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔