کراچی میں سمندری طوفان کا خدشہ، الرٹ جاری

کراچی: شہر قائد میں سمندری طوفان کا خدشہ، اگلے 24 گھنٹوں کے دوران محکمہ موسمیات نے بحیرۂ عرب میں طوفان بننے کی پیش گوئی کردی۔ بارش کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی گئی۔


اس وقت بحیرۂ عرب میں شدید ہوا کا کم دباؤ ہے جو ڈیپ ڈپریشن کی شکل اختیار کرسکتا ہے، اگر طوفان بنا تو اس کا نام شاہین رکھا جائے گا، جو قطر کا تجویز کردہ ہے۔ اس سے قبل 2007 میں بھی اسی طرح کا سائیکلون بنا تھا۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ ہواؤں کی رفتار 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہے۔
دوسری جانب تیز ہواؤں کے باعث فریئر ہال پارک کے قریب بجلی کا پول گاڑی پر گرگیا۔ ایک درخت بھی تیز ہواؤں کے باعث اُکھڑ گیا، واقعے میں کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق رات میں تیز بارش ہوسکتی ہے جب کہ کل شہر قائد میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا، جس میں کسی بھی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی جب کہ ڈی ایم سی سینٹرل علی زیدی کے احکامات پر ناگن چورنگی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہیوی ڈیوٹی، ٹرک ماؤنٹڈ پمپ لگادیے گئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔