مودی سے مشابہہ گول گپے فروش کی سوشل میڈیا پر دھوم

گجرات: بھارتی وزیراعظم مودی سے مشابہہ گول گپے بیچنے والا شہری سوشل میڈیا پر دھوم مچاتے ہوئے بہت تیزی کے ساتھ وائرل ہورہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ہمشکل انیل بھائی ٹھاکر کا تعلق گجرات سے ہے، جو گول گپے کی دکان چلاتے ہیں۔ ان کی وجہ شہرت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مشابہت ہے، جس کی وجہ سے ان کی دکان پر کافی لوگوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔
انیل گجرات میں تلسی پانی پوری سینٹر نامی دکان کے مالک ہیں۔ مقامی لوگ انہیں پی ایم مودی کے نام سے پکارتے ہیں، کیونکہ ان کا حلیہ بھارتی وزیراعظم سے بہت ملتا ہے۔
یہاں تک کہ ان کا لباس، چشمہ، بالوں اور سفید داڑھی کا انداز بھی نریندر مودی سے متاثر ہے۔
انیل جوناگڑھ کے رہنے والے ہیں۔ یہ دکان ان کے دادا نے شروع کی تھی جب کہ انیل اُس وقت 18 سال کے تھے جب انہوں نے اسی دکان پر گول گپے بیچنا شروع کیے۔
71 سالہ انیل نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گاہک اکثر ان کی شکل کی وجہ سے ان کے ساتھ سیلفی لیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعظم مودی سے مشابہت کی وجہ سے مقامی لوگوں اور سیاحوں دونوں سے بہت پیار اور محبت ملتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔