ڈالر کی اونچی اُڑان، 175 روپے سے تجاوز کرگیا

کراچی: روپیے کی ناقدری تسلسل کے ساتھ جاری ہے، اس کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اونچی اڑان منگل کو بھی برقرار رہی اور ٹریڈنگ کے دوران انٹربینک میں امریکی ڈالر 175 روپے کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 175.50 روپے پر جاپہنچا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ تجارتی و کرنٹ خسارہ بڑھنے کی وجہ سے بیرونی ادائیگیوں کا توازن متاثر ہورہا ہے، جس کا اثر زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور روپے کی قدر پر دباوٗ کی صورت سامنے آرہا ہے۔
فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کو انٹربینک میں امریکی ڈالر 45 پیسے کے اضافے سے 174.55 روپے سے بڑھ کر 175 روپے ہوگیا جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر مزید 20 پیسے بڑھ گئی جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر 175.30 روپے سے بڑھ کر 175.50روپے کی ملکی تاریخ کی ایک اور بلند سطح پر پہنچ گیا جب کہ ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 175.30 روپے کی سطح پر بھی دیکھا گیا۔
یکم اکتوبر کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 172.40 روپے کا تھا، جس میں اب تک 3.10 روپے کا اضافہ ہوچکا جب کہ انٹر بینک میں یکم اکتوبر کو ڈالر 170.48 روپے کا تھا یعنی اکتوبر کے مہینے میں اب تک انٹر بینک میں بھی ڈالر 4.52 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔
رواں سال مئی میں ڈالر 152 روپے کی نچلی سطح پر تھا، جس کے بعد ڈالرکی قدر میں 25 اکتوبر تک 12.70 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔