پاکستانی سفارتخانے پر حملے میں ملوث 8 دہشت گرد مار ڈالے، ذبیح مجاہد

کابل: افغانستان کا کہنا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر حملہ کرنے والے داعش کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ تین ٹھکانے تباہ کردیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے بدھ کو کابل میں آپریشن کیا اور اس دوران 7 دہشت گرد گرفتار کیے گئے، جن میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صوبہ نمروز میں بھی آپریشن کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ داعش کے دہشت گرد پاکستانی سفارت خانے کے علاوہ اس ہوٹل پر بھی حملے میں ملوث تھے، جہاں چینی شہری رہائش پذیر تھے۔
افغان حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ داعش نے مزید دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
خیال رہے کہ 2 دسمبر کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا تھا جب کہ پاکستان نے اسے ناظم الامور عبیدالرحمان نظامی کے خلاف قاتلانہ حملہ قرار دیا تھا۔
دھیان رہے کہ پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی ذمے داری داعش نے قبول کی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔