امریکا کی ترکیہ کو 40 ایف 16 طیارے فروخت کرنے کی منظوری

واشنگٹن: ترکیہ کو امریکا نے 40 ایف 16 لڑاکا طیارے فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔
بیرون ملک کے میڈیا کے مطابق امریکی حکومت نے طویل عرصے سے تاخیر کا شکار اس ڈیل کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ترکیہ کو 40 ایف 16 لڑاکا طیارے فروخت کیے جائیں گے، جن کی مالیت 23 ارب ڈالرز ہے جب کہ اس ڈیل میں ایف 16 کی 79 جدید کٹس بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ کانگریس نے یونان کو بھی 35 ایف 16 لڑاکا طیارے فروخت کرنے کی منظوری دی ہے، جن کی مالیت 8.6 ارب ڈالرز ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ترکیہ کی جانب سے نیٹو میں سوئیڈن کی شمولیت کی منظوری کے باوجود طیاروں کی ڈیل نہ ہونے سے اتحادیوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہورہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق ترکیہ نے پہلی مرتبہ 2021 میں ایف 16 طیاروں کے لیے درخواست کی تھی، تاہم سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی منظوری کے معاملے پر یہ ڈیل تاخیر کا شکار تھی، ترکیہ نے سوئیڈن سے متعلق تحفظات ظاہر کیے تھے کہ سوئیڈش حکومت کُردش علیحدگی پسندوں کی حمایت کرتی ہے۔
تاہم ترکیہ کے ارکان پارلیمنٹ نے رواں ہفتے ہی سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی منظوری دی، جس کے بعد صدر طیب اردوان نے اس پر دستخط کیے۔
ترکیہ کے اس فیصلے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ترکیہ کے لیے بلاکسی تاخیر کے فوری ایف 16 طیاروں کی فروخت کی منظوری دی جائے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔