چھوٹے بچے کا بڑا کارنامہ، والد اور بہن کو ڈوبنے سے بچالیا!

فلوریڈا: سات سالہ بچے نے ناقابل یقین کارنامہ انجام دیتے ہوئے والد اور چھوٹی بہن کو ڈوبنے سے بچالیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے مندارن پوائنٹ میں گزشتہ روز دریائے سینٹ جونز میں 7 سالہ بچے نے ایک گھنٹہ تیر کر تیز بہاؤ میں پھنسے اپنے والد اور چار سالہ بہن کو بچایا۔
جیکسن ویل شہر میں چھوٹے سے بچے نے ہیرو کا کردار ادا کیا، اسے اپنے والد اور چھوٹی بہن کو بچانے کے لیے مدد لانے کی غرض سے ساحل تک پہنچنے کے لیے ایک گھنٹے تک تیرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق اسٹیون پاسٹ نامی شخص اپنے بیٹے چیز اور بیٹی ابیگیل کے ساتھ دریائے سینٹ جونز میں کشتی پر تفریح کررہے تھے کہ دریا کے تیز بہاؤ کی وجہ سے وہ بڑی مشکل میں پھنس گئے۔
اسٹیون کشتی کو پانی میں لنگرانداز کرکے مچھلیاں پکڑرہے تھے جب کہ بچے دریا میں تیراکی کررہے تھے، چیز فاسٹ نے مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی بہن تیز بہاؤ کے آگے خود کو قابو نہیں رکھ پارہی تھی، اس لیے کشتی کو پکڑلیا، مجھے بھی بہاؤ کی وجہ سے کشتی کا سہارا لینا پڑا۔
اسٹیون فاسٹ نے بچوں کو اس حالت میں دیکھا تو بیٹی کو بچانے کے لیے پانی میں کودے جب کہ چیز نے ساحل کی طرف تیرنا شروع کردیا، چوں کہ ساحل بہاؤ کے مخالف سمت میں تھا، اس لیے اسے ساحل پر پہنچنے میں ایک گھنٹہ لگا۔
چیز نے بتایا کہ وہ بہت خوف زدہ ہو گیا تھا، اسٹیون کا کہنا تھا کہ انہوں نے بیٹی کو تھاما ہوا تھا لیکن بہاؤ کے آگے بہت مشکل ہورہی تھی، انہیں لگ رہا تھا کہ بیٹی ان کے ہاتھ سے نکل جائے گی، کیوں کہ وہ خود کو بھی بڑی مشکل سے سنبھال رہے تھے۔
بچے کا کہنا تھا کہ اس دوران وہ کبھی ڈوگی پیڈل انداز میں تیرتا رہا اور کبھی تھک کر الٹا لیٹ کر تیراکی کرتا، ساحل پر پہنچ کر اس نے قریبی گھر جاکر مدد طلب کی، جس پر جیکسن ویل کا ریسکیو ڈیپارٹمنٹ اور دیگر ادارے متحرک ہوگئے۔
ریسکیو ٹیموں نے اسٹیون اور ابیگیل کو ایک گھنٹے بعد کشتی سے قریباً ایک میل دُور پایا اور ریسکیو کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔