دلہن گاڑی خراب ہونے پر پولیس وین میں چرچ پہنچ گئی

لندن: انگلستان کے شہر مانچسٹر میں مصروف شاہراہ سے گزرتے ہوئے دلہن کی گاڑی اچانک خراب ہوگئی، تاہم پولیس انسپکٹر نے دلہن اور اس کے اہل خانہ کو لفٹ دے کر بروقت چرچ پہنچادیا۔
کورونا وبا کے باعث دو مرتبہ پہلے ہی دولہا دلہن شادی ملتوی کرچکے تھے تاہم جب تیسری بار شادی کا ارادہ باندھا تو دلہن کی گاڑی خراب ہونے کی صورت رکاوٹ پیدا ہوگئی۔
دُلہن کی گاڑی گھر سے پانچ کلومیٹر کا سفر کرنے کے بعد اچانک بیچ سڑک پر خراب ہوگئی۔ دلہن اور اس کے اہل خانہ گاڑی سے باہر نکل کر پریشانی میں سوچ رہے تھے کہ وہ بروقت چرچ کیسے پہنچ سکیں گے۔ اتنے میں نارتھ ویلز پولیس کے انسپکٹر کی ان پر نظر پڑی اور وہ ان کے پاس جاپہنچے۔
پولیس انسپکٹر نے پریشانی کی وجہ پوچھنے کے بعد دلہن اور اس کے اہل خانہ کو پولیس وین میں بٹھایا اور بروقت چرچ پہنچادیا، جہاں شادی انجام پائی۔
نارتھ ویلز پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پولیس انسپکٹر اور دلہن کی تصویر شیئر کی اور دلہن کو شادی کی مبارک باد دی۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے بھی دولہا دلہن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی پولیس انسپکٹر کی بھی تعریف کی۔
دلہن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کار خراب ہونے پر میں پریشان تھی کہ اب مجھے شاہراہ پر ہی کھڑا رہنا پڑے گا تاہم خوش قسمتی سے مجھے ایسا کرنے کی ضرورت پیش نہ آئی اور مدد کے لیے پولیس انسپکٹر آگئے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔