ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی کردیا گیا!

دبئی: کرکٹ شائقین کے لیے بُری خبر، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کورونا وبا کو جواز بنا کر آسٹریلیا میں ہونے والا ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی کر دیا۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ایونٹس اب 2021 اور 2022 میں ہوں گے۔ 2021 اور 2022 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ایونٹس کے میزبان ملک کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا، البتہ شیڈول کے مطابق 2021 کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بھارت میں ہونا تھا۔
بھارت میں ہونے والے 2023 ورلڈ کپ (50 اوورز) کی تاریخ کو بھی چھ ماہ آگے بڑھا دیا گیا ،اب 2023 کا ورلڈ کپ فروری مارچ کے بجائے اکتوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا۔
آئندہ سال فروری میں نیوزی لینڈ کو ویمن ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے لیکن ابھی اسے ملتوی نہیں کیا گیا اور آئی سی سی نے امید ظاہر کی کہ یہ ایونٹ شیڈول کے مطابق منعقد ہو گا۔
کورونا وبا اور تاحال کوئی ویکسین یا علاج دریافت نہ ہونے کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ جلد ہی 16 ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ کے التوا کا اعلان کردیا جائے گا۔
ایونٹ کے التوا کے اندیشے اس وقت زیادہ بڑھ گئے تھے جب جون میں کرکٹ آسٹریلیا کے ایرل ایڈنگز نے ایونٹ کے انعقاد کی صورت میں انتہائی خطرے کا عندیہ دیا تھا جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی نے بھی کہا تھا کہ ٹی20 ورلڈ کپ کا انعقاد غیرحقیقی محسوس ہوتا ہے۔
دنیا کے دیگر ملکوں کی نسبت آسٹریلیا کورونا وائرس سے کم متاثر ہوا اور وہاں اس وقت 3 ہزار 26 فعال کیسز موجود ہیں، البتہ خطرے کے سبب میلبورن اور اس کے گرد و نواح میں دوبارہ لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جب کہ نیو ساؤتھ ویلز میں بھی کیسز بڑھ رہے ہیں۔
ایونٹ میں شریک ہونے والے ملکوں میں بھارت، جنوبی افریقا اور پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور ایسے میں دنیا کی 16 ٹیموں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا انتہائی مشکل اور خطرہ بہت زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2020 کے میچز اکتوبر اور نومبر میں کروانے کا عندیہ دیا گیا تھا جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کردیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔