میرے کپتان ہمیشہ سرفراز احمد رہیں گے، شاداب خان

کراچی: میرے کپتان ہمیشہ سرفراز احمد رہیں گے، شاداب خان نے وکٹ کیپر بیٹر کو اپنا ’استاد‘ قرار دے دیا۔
وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان کے نائب کپتان شاداب خان اب بھی سرفراز احمد کو اپنا کپتان قرار دیتے ہیں، ٹویٹر پر سوال و جواب کے سیشن میں شاداب خان نے کہا کہ سرفراز احمد نے مجھے سکھایا کہ کیسے قیادت کی جاتی ہے، کیسے ٹیم کا خیال رکھا جاتا ہے، کیسے اپنے ملک اور ساتھیوں کے لیے لڑا جاتا ہے، میرے استاد ہمیشہ کپتان رہیں گے۔

ایک اور سوال پر شاداب نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ 7 میں بھی ان کے پسندیدہ کپتان سرفراز احمد ہی ہوں گے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کی قیادت کے لیے موزوں ہیں تو انہوں نے کہا کہ ہاں وہ کپتانی کرسکتے ہیں۔
اس سوال پر کہ اگر انہیں موقع ملے تو وہ خود کس پی ایس ایل فرنچائز کا انتخاب کرنا چاہیں گے، شاداب نے کہا کہ میں ہمیشہ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کا انتخاب کروں گا جب تک کہ وہ مجھے خود ہی ریلیز کرنے کا فیصلہ نہیں کرلیتے۔
ایک شائق کے سوال پر شاداب خان نے کہا کہ میں نے کبھی فیلڈ میں ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ خراب رویے کااظہار نہیں کیا، جونیئر کرکٹرز میرے بھائی ہیں۔ جب ان سے حسن علی، رضوان اور شاہد آفریدی کے بارے میں ایک ایک لفظ کہنے کو کہا گیا تو انہوں نے پیسر کو بھائی، وکٹ کیپر بیٹر کو چیمپئن اور سابق اسٹار آل راؤنڈر کو تحریک قرار دیا۔
قومی کرکٹر شرجیل خان نے جب ان سے پوچھا کہ شادی کب کرو گے تو شاداب نے کہا کہ شرجیل بھائی آپ ہی بات کرلیں اب، میں نمبر آپ کو بھجواتا ہوں۔ شاداب نے کرسٹیانو رونالڈو کو اپنا پسندیدہ فٹ بالر جب کہ بھارت کے خلاف ورلڈکپ میں فتح کو اپنا بہترین ٹی 20 میچ قرار دیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔