ذاتی اہداف سے زیادہ اہم ٹیم کی جیت ہے، سرفراز احمد

کراچی: پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ان کے لیے ذاتی اہداف سے زیادہ اہم ٹیم کی جیت ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ٹرافی جیتے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں کم بیک اور جگہ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ کھلاڑی ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں پرفارم کرے، اس لیے پی ایس ایل ان کے لیے اہم ہے اور وہ اس ٹورنامنٹ میں اچھی سے اچھی کارکردگی دکھاکر کوئٹہ کو جتوانے کی پوری کوشش کریں گے، گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کا ارادہ لیے ہی میدان میں اترے گی۔
ٹیم کی تشکیل پر بات کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اس بار گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بہت بیلنسڈ ہے، ڈرافٹ میں اچھے پلیئرز آئے ہیں، ٹریڈنگ بھی کافی اچھی ہوئی ہے، اسکواڈ میں شاہد آفریدی ہیں، سہیل تنویر ہیں، جیسن روئے بھی، جیمز وینس بھی، یوں گلیڈی ایٹرز میں تجربہ کار اور نوجوان پلیئرز کا اچھا کمبی نیشن ہے، کوشش کریں گے کہ پلیئرز کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں اور ٹورنامنٹ جیتیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ شاہد آفریدی کا ہونا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کافی فائدہ مند ہوگا، ان کی بہت خدمات ہیں، کوشش ہوگی کہ شاہد آفریدی کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں۔
گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے خواہش ظاہر کی کہ شاہد آفریدی اپنے آخری پی ایس ایل کو اچھے نوٹ پر مکمل کریں اور جاتے جاتے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جتواتے جائیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گلیڈی ایٹرز کے سارے کھلاڑی میچ ونر ہیں، کسی ایک کو ٹرمپ کارڈ نہیں کہہ سکتے ، سب فارم میں ہیں اہم بات کہ جلدی کامبی نیشن بن جائے، کوشش ہوگی کہ بہترین کمبی نیشن کے ساتھ گراونڈ پر جائیں۔
ٹیم پلیئرز کے اسٹیٹس بتاتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ جیمز فوکنر پاکستان پہنچ چکے، بین ڈکٹ بھی کورونا سے صحت یاب ہوگئے ہیں اور جلد ٹیم جوائن کرلیں گے، بین لاورنس بھی آرہے ہیں، امید ہے لیوک ووڈ اور ہیٹمائر جلدی ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم کے مینٹور ویون رچرڈز بھی جلد پاکستان پہنچ جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ویون رچڑز کی موجودگی ٹیم کے لیے کافی اہم ہوتی ہے، خاص طور پر ان مواقع پر جب ٹیم گری ہوئی ہوتی ہے ایسے میں ان کی باتیں مورال بلند کرتی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔