ہمارے بولرز میچز جتوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ثقلین مشتاق

دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز کافی عرصے سے بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں اور انجرڈ شاہین شاہ آفریدی کے بغیر بھی ہمارا پیس اٹیک بہترین ہے۔
یو اے ای میں 27 اگست سے ایشیا کپ کا آغاز ہونے جارہا ہے، جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت پہلے ٹاکرے میں آمنے سامنے ہوں گے، جہاں شائقین کرکٹ کو اس میچ کا بے صبری سے انتظار ہے، وہیں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ سمیت ٹیم کی تیاریوں پر گفتگو کی ہے۔
ثقلین مشتاق کا دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی پروفیشنل ہیں، انہیں سردی گرمی سے فرق نہیں پڑتا، کھلاڑیوں کو علم ہے کہ خود کو کیسے ماحول کے مطابق ڈھالنا ہے، تمام کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کے لیے بھرپور محنت کی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کی غیر موجودگی سے متعلق سوال پر ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ شاہین کی انجری کھیل کا حصہ ہے، لیکن ہمارے دیگر فاسٹ بولرز بھی کافی عرصے سے اچھا پرفارم کرتے آرہے ہیں، ہمارے پاس نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین جیسے بولرز ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ ہمارا فاسٹ بولنگ اٹیک ہمیں میچز جتوا سکتا ہے۔
ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا تھا پاک بھارت میچ ہمیں اسے ایک عام گیم کی طرح لینا چاہیے، دونوں ممالک کے عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور انہیں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کا حق ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں کی طرح اپنی بہترین پرفارمنس پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ہم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو آپس میں ملتے، ہنسی مذاق کرتے اور اچھا وقت گزارتے دیکھا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔