بھارتی اداکارہ سائرہ بانو کی طبیعت ناساز، آئی سی یو منتقل

کراچی: سینئر اداکارہ سائرہ بانو کی طبیعت ناساز، آئی سی یو منتقل کردیا گیا۔ دو ماہ قبل انتقال کرنے والے لیجنڈ بھارتی اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کی بھی طبیعت اب خراب ہوگئی اور وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔
بھارتی میڈیا رپوٹس کے مطابق سائرہ بانو ممبئی کے اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں۔


77 سالہ سائرہ بانو کو سینے میں تکلیف کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیاگیا تھا۔ دلیپ کمار کے خاندان کے قریبی دوست فیصل فاروقی کا کہنا ہے کہ سائرہ بانو کو سینے میں انفیکشن کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور ان کا علاج جاری ہے۔
فیصل فاروقی نے مزید کہا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں، اللہ کا شکر ہے کہ اب ان کی حالت بہتر ہے اور انہیں مکمل نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔


فیصل نے کہا کہ دلیپ کمار کی موت کا گہرا اثر سائرہ بانو کی صحت پر ہوا ہے اور شوہر کے انتقال کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال وہ آئی سی یو میں ہیں، ان کے کچھ ٹیسٹ لیے گئے ہیں اور مزید معائنے کیے جارہے ہیں۔
کچھ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں یہ کہا گیا تھا کہ سائرہ بانو کو ہارٹ اٹیک کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اب اس بات کی تردید فیصل فاروقی نے کی ہے اور کہا ہے کہ ’ہارٹ اٹیک نہیں تھا، چیسٹ کنجیشن کی وجہ سے اسپتال لایا گیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی کی وجہ سے ان کی حالت بگڑی۔ لوگ تو کچھ بھی بولیں گے، تین دن سے وہ اسپتال میں ہیں، انہیں کورونا بھی نہیں، وہ فی الحال آرام کررہی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔