اپنی فیکٹری میں مریم اور کلثوم آپا کیلیے کپڑے تیار کرتی تھی، صبا فیصل

کراچی: اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز میں آنے سے قبل ان کی کپڑوں کی فیکٹری تھی، جس میں وہ موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی مرحومہ والدہ کلثوم نواز کے لیے کپڑے بناتی تھیں۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں صبا فیصل نے شرکت کی جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر خاصہ وائرل ہے۔
صبا فیصل نے دوران انٹرویو کہا کہ اداکاری کے شعبے میں آنے سے قبل میری کپڑوں کی فیکٹری تھی، جس میں میں مریم نواز اور کلثوم آپا کے لیے کپڑے بناتی تھی، لیکن کراچی منتقل ہونے سے قبل مجھے وہ فیکٹری بند کرنا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ اپنا کپڑوں کا بزنس بند کرنے سے پہلے میں 6 ماہ تک سوچتی رہی کہ کیا میں یہ کروں؟ میں نے استخارہ بھی کیا اور اللہ سے رجوع کیا کہ کہیں ایسا نہ ہو مجھے پچھتانا پڑے، چلتا ہوا بزنس بند کردوں۔
صبا فیصل نے کہا میں وہ بزنس بند کرکے کراچی آگئی اور مجھے آج تک اس کا کوئی پچھتاوا نہیں، میں نے پھر مُڑ کے بھی نہیں دیکھا۔
خیال رہے کہ صبا فیصل ڈرامہ انڈسٹری میں آنے سے قبل سرکاری ٹی وی پر نیوز اینکر بھی رہ چکی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔