محمد رضوان نے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے!

لاہور: محمد رضوان کے بیٹ سے کئی ریکارڈز چکناچُور ہوگئے، وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی ثابت ہوئے۔
جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں محمد رضوان نے ناقابل شکست 104 رنز اسکور کرکے ٹیم کا مجموعہ 6 وکٹ پر 169 تک پہنچایا، انہوں نے 64 بالز پر 104 رنز بنائے جب کہ باقی بیٹسمینوں نے مل کر 56 گیندوں پر 59 رنز اسکور کیے، 6 رنز فاضل کی صورت ملے۔
اس شاندار اننگز کی بدولت رضوان نے کئی اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیے، وہ پاکستان کے پہلے وکٹ کیپر ہیں جنھوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سنچری اسکور کی، وہ پاکستان کی جانب سے مجموعی طور پر اس طرز میں تھری فیگر اننگز کھیلنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔
ان سے قبل احمد شہزاد نے 30 مارچ 2014 کو بنگلادیش کے خلاف ناقابل شکست 111 رنز اسکور کیے تھے۔ عالمی سطح پر رضوان ٹی 20 سنچری اسکور کرنے والے پانچویں وکٹ کیپر ہیں، ان سے قبل برینڈن میک کولم (123)، افغانستان کے محمد شہزاد (118)، وان ویک (114) اور ڈونبر (104*) یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
دلچسپ بات کہ محمد رضوان کو اس عمدہ اننگز کی بدولت کھیل کے تینوں فارمیٹس میں سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر اور پاکستان کے دوسرے کھلاڑی کا بھی اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔
ان سے قبل برینڈن میک کولم بطور وکٹ کیپر بیٹسمین یہ کارنامہ انجام دے چکے جب کہ پاکستان کی جانب سے اس سے قبل احمد شہزاد کو کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں تھری فیگر اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل تھا۔
محمد رضوان جنوری 2020 کے آغاز سے اب تک تمام فارمیٹس میں 8 ففٹی پلس اسکور کرچکے، جن میں 2 سنچریاں بھی شامل ہیں، یہ اس عرصے میں دنیا کے دیگر وکٹ کیپرز کے مقابلے میں سب سے زیادہ ففٹی پلس اسکور ہیں۔
محمد رضوان نے کسی بھی دوسرے پاکستانی کے مقابلے میں اننگز کے دوران سب سے زیادہ 7 چھکے جڑے، ان سے یہ قبل احمد شہزاد اور محمد حفیظ ایک ٹی 20 اننگز میں 6، 6 چھکے جڑ چکے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔