یوم محبت پر راحت فتح علی خان کا مداحوں کیلیے انوکھا تحفہ!

کراچی: رومانس کے شہزادے اور سُروں کے سلطان استاد راحت فتح علی خان 14 فروری کو محبتوں کے عالمی دن پر تاریخ میں پہلی بار نیا تجربہ کرنے جارہے ہیں۔ وہ live stream کے ذریعے دنیا کے درجنوں ممالک میں آواز کا جادو جگائیں گے۔
استاد راحت فتح 14 فروری کو رات 8 بجے سے دو گھنٹے تک اپنے پیار بھرے گیتوں کی برسات کریں گے۔ استاد راحت فتح علی خان پاکستان کے پہلے فن کار ہیں جنہیں سب سے زیادہ یوٹیوب پر دیکھا گیا۔ ان کا گایا ہوا گیت ۔۔ضروری تھا کو یوٹیوب پر سو کروڑ سے زیادہ بار دیکھا اور پسند کیا گیا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی سے موسیقی کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والے عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان کے گائے ہوئے زیادہ تر گیت رومانس اور محبتوں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ ان کے گائے ہوئے رومانوی گانوں کو فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی۔
استاد راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ کورونا کے ساتھ جو زندگی گزر رہی ہے وہ بہت خطرناک ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران سب سے زیادہ اپنے مداحوں اور پیار کرنے والوں کو یاد کیا اور سب کے لیے دعا کی، اللہ تعالیٰ ان کو اپنی امان میں رکھے۔
انہوں نے کہا کہ بچپن سے استاد نصرت فتح علی خان نے مجھے سچی موسیقی کی تربیت دی۔ عاشقی سے خود کبھی نہیں گزرا۔ ساری زندگی موسیقی سے عشق کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ میری زندگی کا ایک ایک لمحہ محبت میں ڈوبا ہوا ہے۔ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر آمریکا کی درجنوں ریاست سمیت، یورپ، متحدہ عرب امارات، سری لنکا، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور دیگر ممالک میں موجود میرے لاکھوں مداح live stream کے ذریعے گھر بیٹھے رومانٹک سونگ سن سکیں گے۔
انٹرنیشنل میوزک پروڈیوسر سلمان احمد نے بتایا کہ استاد راحت فتح علی خان دو گھنٹے تک مسلسل پرفارمینس دیں گے۔ پروگرام میں گھر بیٹھے شرکت کے لیے ہمارے سوشل میڈیا سے رابطے میں رہیں ۔امید ہے ہمارا یہ نیا تجربہ کورونا کی اداس کیفیت کو دور کرنے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔