پٹرول کی قیمت میں اضافہ، تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی ہے، رانا ثناء

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی ہے۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسد عمر نے کہا کہ ہم نے ڈالر کو آزاد کرایا، ڈالرز کو کس مافیا نے خرید کر اربوں روپے کمائے، ادویہ کی قیمتوں پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حکومت کو احساس ہی نہیں ہوا، پٹرول کی قیمت میں اضافہ تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی ہے، پٹرول سستا ہوا تو حکومت کو بلیک میل کرکے ذخیرہ کیا گیا، مافیا نے قیمتیں کم ہونے پر تیل ذخیرہ کرکے سپلائی روک لی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے سے اربوں کا فائدہ اٹھایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت انتقام میں انتہا پر چلی جاتی ہے، ایف آئی اے اور آئی بی وزارت داخلہ کے ماتحت ہیں، اربوں کی ڈکیتی ہورہی ہے، یہ ادارے کیا کام کررہے ہیں، مافیاز کے خلاف کون کارروائیاں کررہا ہے؟ جن کو مافیا کے پیچھے لگانا تھا ان کو اپوزیشن کے تعاقب میں لگادیا، یہ ادارے مافیا کی معلومات اکٹھی نہیں کرتے، اپوزیشن کے پیچھے پھرتے ہیں، ہمیں یہ معلوم نہیں ہورہا کہ یہ خود مافیا ہیں یا مافیا ان کے اندر ہے، پٹرول مافیا نے جو کل ڈکیتی کی ہے اس پر عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے ایک کمیشن بنا دیں۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی رپورٹ جو وزیر نے پیش کی وہ ابتدائی رپورٹ ہے، مرحوم پائلٹ کو جس طرح ذمے دار ٹھہرایا گیا وہ انتہائی نامناسب ہے، وفاقی وزیر نے خود ہی پی آئی اے کو دنیا کے سامنے بدنام کردیا صرف اس لیے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو بدنام کیا جاسکے، اب دنیا کے سامنے پی آئی اے بالکل ختم ہوچکا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔