کراچی والوں کے مجھ پر کئی احسانات ہیں، شعیب اختر

کراچی: راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے معروف سابق کرکٹر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ کراچی کا بالخصوص شہر قائد کے مہاجروں کا ان پر بے حد احسان ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران کراچی کے حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک کی سڑکیں کراچی سے زیادہ خراب ہیں لیکن یہ صورت حال کسی بھی شہر یا ملک کے لیے مناسب نہیں۔
شعیب اختر نے کہا کہ میرے کئی اچھے دوست کراچی سے ہیں، کراچی والوں کے پاس ٹاپ کلاس دماغ ہیں، پروفیشنل ہیں، پنجاب کا ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے لیکن کراچی والوں کی مینجمنٹ کا کوئی ثانی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1992 میں جب کراچی کے حالات خراب تھے، اس وزٹ میں کراچی کے دوستوں کے ساتھ بائیک، بسوں اور مختلف سواریوں پر سفر کیا، اس دوران میں ناظم آباد 10 نمبر کے دوستوں کے گھر ٹھہرا، سب لڑکے مجھے ساتھ لے کر جاتے اور ساتھ لے کر آتے تھے کیوں کہ کراچی میں رہنے والے شخص کو پتا ہونا چاہیے کہ بات کیسی کرنی ہے جو سکھائے جانے پر میں نے فوراً سیکھ لیا۔
سابق کرکٹر شعیب اختر کا مزید کہنا تھا کہ کراچی والوں کے مجھ پر کئی احسانات ہیں، ان احسانات کو میں آج تک نہیں بھول سکا، کبھی کراچی کے لیے کچھ کرنا پڑا تو میری جان بھی حاضر ہے، کراچی سمیت پاکستان کی ہر قومیت سے دل سے محبت کرتا ہوں ہر قومیت کے لیے میری جان حاضر ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔