پاکستان اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل کا صدر بن گیا!

اسلام آباد: پاکستان اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کا متفقہ طور پر صدر منتخب ہوگیا، پاکستان اس اہم عہدے پر چھٹی بار منتخب ہورہا ہے۔
اقتصادی اور سماجی کونسل اقوام متحدہ کا اہم ادارہ ہے، پاکستان اس کا چھٹی بار صدر منتخب ہوا ہے جب کہ اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر منیر اکرم دوسری بار اس کونسل کے صدر منتخب ہوئے ہیں، وہ قبل ازیں 2005ء میں بھی اقتصادی اور سماجی کونسل کے صدر رہ چکے ہیں جب کہ اقوام متحدہ کی تاریخ میں صرف دو سفارت کار ایک سے زائد بار اس اہم عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔
اپنے خطاب میں منیر اکرم نے کہا کہ دنیا کو اس وقت کئی مسائل درپیش ہیں، کورونا کے عالمی معیشت اور صحت پر اثرات اور اس کا ممالک کی ترقی پر منفی اثر اہم مسئلہ ہے، بیرونی تسلط اور مقبوضہ علاقوں میں محصور اقوام پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، کورونا کی ویکسین کی تمام ممالک تک رسائی ہماری ترجیحات میں شامل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی انفرا اسٹرکچر، ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالیاتی وسائل پر کام اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف عالمی کوششوں کو مزید مضبوط کرنا بھی پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہیں، پاکستان بطور صدر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ اور ترقی پذیر ممالک تک اس کی رسائی پر بھی خصوصی توجہ دے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔