بھارتی سیاست دان کے چھپائے ایک کروڑ روپے درخت سے برآمد

کرناٹک: بھارت کی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما کے بھائی کے گھر پر چھاپے کے دوران درخت میں چھپائے گئے 1 کروڑ روپے برآمد۔
اس ضمن میں بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ریاست کرناٹک میں 10 مئی کو الیکشن ہونے والے ہیں، تاہم اس سے قبل ہی سیاسی گہماگہمی اور سنسنی عروج پر ہے اور اس میں بھونچال اُس وقت آیا جب انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے کانگریس رہنما کے بھائی کے گھر پر چھاپہ مارا۔
بھارتی انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے کرناٹک کے شہر میسور سے الیکشن لڑنے والے کانگریس کے امیدوار اشوک کمار کے بھائی سبرامنیا رائے کے گھر پر چھاپہ مارا اور جامع تلاشی لی۔
تلاشی کے دوران انکم ٹیکس اہلکاروں کو گھر میں لگے آم کے درخت کے تنے پر چھپائے گئے ڈبے سے ایک کروڑ روپے ملے، جنہیں تحویل میں لے کر کانگریس رہنما کے بھائی کو حراست میں لے لیا گیا۔
کانگریس رہنما نے اس کارروائی کو ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے چند روز قبل کی گئی اس کارروائی کا مقصد انہیں شکست سے دوچار کروانا ہے۔
دوسری جانب انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ یہ چھاپہ کرپشن کے خلاف کارروائیوں کے تسلسل کا ایک حصہ ہے، جس کا آغاز اپریل سے ہوا تھا اور بنگلورو سے دو افراد کو کروڑوں روپے چھپانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
اسی طرح رئیل اسٹیٹ کا کام کرنے والے معروف بلڈر کو بھی بھاری رقم سمیت گرفتار کیا گیا اور بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے ایک اور سیاسی رہنما کے بیٹے کے اسکول پر بھی چھاپہ مارا گیا تھا۔
انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے مطابق اُس چھاپے میں اسکول سے کروڑوں روپے برآمد کیے گئے تھے جنہیں ٹیکس بچانے کے لیے چھپایا گیا تھا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔