لیجنڈز لیگ فائنل میں ورلڈ جائنٹس کو مات، آفریدی کی ایشیا لائنز فاتح

دوحہ: ورلڈ کپ فٹ بال کی میزبانی کرنے والے ملک قطر میں لیجنڈز لیگ کے فائنل میں شاہد آفریدی کی ایشیا الیون نے ورلڈ جائنٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔
فائنل مقابلے میں ورلڈ جائنٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز اسکور کیے، جیک کیلس 78 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں لنڈل سمنز 17، کپتان شین واٹسن اور مورن وین ویک صفر جب کہ روس ٹیلر 32 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ایشیا لائنز کی جانب سے عبدالرزاق جب کہ تھیسارا پریرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایشیا لائنز کو اوپل تھرنگا اور دلشان نے 115 رنز کا آغاز فراہم کیا، دونوں اوپنرز بالترتیب 57 اور 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اوپننگ اسٹینڈ کے دوران تھرنگا اور دلشان نے 13 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔
ورلڈ جائنٹس کی جانب سے بریٹ لی اور سمت پٹیل ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی کی ایشیا الیون نے ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت 6 میچز کھیلے، 2 مقابلوں میں اسے شکست جب کہ 4 میں کامیابی ملی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔