کورونا اگر آزمائش تو اللہ کی رحمت کے دروازے بھی کھلے ہیں، خطبہ حج

مکہ المکرمہ: خطبہ حج میں کہا گیا ہے کہ کورونا اگر آزمائش ہے تو اللہ کی رحمت کے دروازے بھی کھلے ہیں اور ہمارے گناہوں کی وجہ سے ہی اللہ نے ہمیں اس آزمائش میں ڈالا۔
شیخ عبداللہ بن سلیمان نے مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریمﷺ ہمارے لیے رحمت بناکر بھیجے گئے، تقویٰ اختیار کرنے والے تنگ دستی سے دور رہتے ہیں، تم لوگوں کو تقویٰ کی نصیحت کی جاتی ہے، آج بہت بڑی تعداد میں مسلمان اللہ کی تعلیمات سے غافل نظر آتے ہیں۔
شیخ عبداللہ بن سلیمان کا کہنا تھا کہ دین میں کسی نئی چیز کی کوئی گنجائش نہیں، اللہ تعالیٰ نے دین کو کامل اور مکمل کردیا، اللہ تعالیٰ شرک کو پسند نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ہر قسم کی بدعت اور خرافات سے دُور رہیں، اللہ تعالیٰ نے خوشی اور غمی کی حالت میں صبر کی تلقین کی ہے، اللہ نے فرمایا کہ کبھی تمہیں مال میں اور کبھی اولاد میں کمی سے آزماتے ہیں۔
خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ عبادات سے ہی مصیبتوں سے چھٹکارا ملتا ہے، کورونا اگر آزمائش ہے تو اللہ کی رحمت کے دروازے بھی کھلے ہیں، ہمارے گناہوں کی وجہ سے اللہ نے ہمیں اس آزمائش میں ڈالا، قرآن میں ہے کہ صبر اور دعا کے ذریعے اللہ کی مدد مانگو، اللہ تعالی تمہارے لیے مشکلات نہیں آسانیاں چاہتا ہے، قرآن میں ہے کہ معمولی مصیبت کا مقصد بڑی مشکل سے چھٹکارا ہے اور ایمان والے ہیں جو مصیبت میں اللہ پر یقین رکھتے ہیں۔
شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ اپنے ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک اختیار کریں، اپنی بیویوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آؤ، اپنے بھائی بہنوں اور رشتہ داروں کا خیال رکھو، رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی کے ساتھ پیش آؤ، حق داروں کا حق ادا کرو اور سیدھے راستے پر چلنے والے کے لیے ہی نجات ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔