شاہ رُخ کے مقابل فلم رئیس پہلے مجھے آفر ہوئی تھی، ایمان علی کا انکشاف

کراچی: پاکستان سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ایمان علی نے بولی وُڈ کنگ شاہ رُخ خان کے ساتھ فلم رئیس سب سے پہلے انہیں آفر ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایمان علی کے ایک انٹرویو کا کلپ وائرل ہورہا ہے، جس میں وہ بھارتی فلم رئیس کے حوالے سے بات کرتی نظر آرہی ہیں۔
ایمان علی سے میزبان عفت عمر نے سوال کیا کہ مجھے معلوم ہے کہ شاہ رُخ خان کے ساتھ فلم ہماری ایک اور اداکارہ نے کی، لیکن رئیس پہلے آپ کو آفر ہوئی تھی مگر آپ نے ان سے اسکرپٹ مانگ لیا تھا، آپ نے ایسا کیوں کیا؟

اداکارہ ایمان علی نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسکرپٹ مانگنا میرا حق ہے، میں اسکرپٹ پڑھ کر ہی کردار ادا کرنے کے لیے ہامی بھرتی ہوں۔
ایمان علی نے کہا کہ میرے پاس فون آیا کہ شاہ رُخ کے ساتھ فلم ہے تو میں نے کہا ٹھیک ہے اسکرپٹ بھیج دیں، لیکن شاید اُن لوگوں کو میرا اسکرپٹ مانگنا اچھا نہیں لگا، لیکن میں نے نوٹس کیا ہے کہ ہمارے یہاں بھی ایسا ہوتا ہے کہ اسکرپٹ مانگو تو بُرا مان جاتے ہیں اور پھر وہ پروجیکٹ کسی اور کو مل جاتا ہے۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے ایک قریبی دوست کو بتایا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کی فلم کے لیے اسکرپٹ مانگا تو سب حیران ہوگئے اور ان سے کہا کہ وہ پاگل ہیں جنہوں نے اتنا بڑا موقع اپنے ہاتھ سے گنوا دیا۔
عفت عمر نے کہا کہ شاہ رُخ خان کے ساتھ فلم کرنے کا موقع کون گنواتا ہے؟ اس پر ایمان علی کا کہنا تھا کہ چاہے فلم شاہ رُخ خان کے ساتھ ہو یا کسی کے بھی ساتھ ہو اس سے فرق نہیں پڑتا، اسٹوری اچھی ہونی چاہیے، فلم اچھی ہونی چاہیے، تب ہی میں کام کروں گی۔
ٹچ بٹن کی اداکارہ ایمان علی نے مزید کہا کہ جو مجھے ملنا ہے اور جو میرے لیے ہے وہ مجھے اللہ ضرور دے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔