نئے سال میں کتنی تعطیلات ہوں گی، اعلامیہ جاری

اسلام آباد: نئے سال 2024 میں ہونے والی چھٹیوں کا اعلامیہ وفاقی کابینہ ڈویژن نے جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق سال کی پہلی سرکاری چھٹی 5 فروری کو یوم کشمیر کے موقع پر ہوگی اور 23 مارچ کو یوم پاکستان کی عام تعطیل ہوگی۔
عیدالفطر کی چھٹیاں 10، 11 اور 12 اپریل کو ہوں گی اور یکم مئی کو یوم مزدور کی چھٹی ہوگی جب کہ عیدالاضحیٰ کی چھٹیاں 17 سے 19 جون تک ہوں گی۔ محرم کی چھٹیاں 16 اور17 جولائی کو یوم عاشور پر ہوں گی۔
اسی طرح 14 اگست کو یوم آزادی پر چھٹی ہوگی اور 16 ستمبر کو عید میلادالنبی ﷺ کی چھٹی منائی جائے گی جب کہ 9 نومبر کو یوم اقبال اور 25 دسمبر کو قائداعظم کے یوم ولادت پر چھٹی ہوگی۔
اس کے علاوہ بینکوں کی چھٹیوں کا بھی اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق یکم جنوری کو بینکوں کی چھٹی ہوگی، اختیاری چھٹیوں کے حوالے سے یکم جنوری کو نئے سال کی اختیاری چھٹی ہوگی۔
غیر مسلموں کے لیے 14 فروری کو بسنت پنچمی کی بھی اختیاری چھٹی ہوگی، 8 مارچ کو ”شیوراتری“ کی اختیاری چھٹی ہوگی جب کہ شب معراج 7 فروری کو بھی اختیاری چھٹی کی جاسکتی ہے اور شب برأت کی 25 فروری کو اختیاری چھٹی بھی ہوگی۔
ہندووؤں کے تہوار ہولی پر 24مارچ اور دولہندی 25مارچ کو چھٹی کی جاسکتی ہے۔ گڈ فرائیڈے 29 مارچ اور ایسٹر کی چھٹیاں 31مارچ سے یکم اپریل تک ہوں گی۔ بیساکھی کے تہوار کے لیے 13 اپریل کی اختیاری چھٹی ہوگی۔
بہائی کمیونٹی کیلئے عید رضوان کی چھٹی 21اپریل کو ہوگی، بدھا پرنیما کے لیے 23مارچ کی اختیاری چھٹی ہوگی اور پارسیوں کے نئے سال ”نوروز“ کی چھٹی 15 اگست کو ہوگی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔