سندھ میں گیس کا بحران سنگین شکل اختیار کرگیا

کراچی: پاکستان میں گیس کا بحران سنگین شکل اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے، اسی باعث تین دن کے لیے نان ایکسپورٹ صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند کردی گئی۔
صوبہ مہران میں بھی گیس بحران کے باعث سوئی سدرن کو گیس پریشر میں شدید دشواری کا سامنا ہے جب کہ سوئی سدرن کو آر ایل این جی سپلائی میں بھی کمی کا سامنا ہے۔
گیس بحران کے پیش نظر نان ایکسپورٹ صنعتوں سمیت نجی بجلی گھروں کو بھی گیس کی سپلائی پیر تک بند کردی گئی ہے جو پیر کی صبح 8 بجے تک بحال کی جائے گی۔
ترجمان سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ سمندر میں تیز لہروں کے باعث ایل این جی کے جہاز کی آمد میں تاخیر ہے، گیس کی کمی پر لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت تقسیم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس فراہم کی جائے گی۔
علاوہ ازیں شہر قائد کے مختلف علاقوں کے گھریلو صارفین کی جانب سے گیس کی فراہمی میں تعطل کی شکایتیں سامنے آئی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ پچھلے کچھ دنوں سے کسی بھی وقت گھروں کی گیس بند کردی جاتی ہے، جس کی وجہ سے ہمیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
دوسری طرف ایف پی سی سی آئی نے سوئی سدرن کی جانب سے تین دن کے لیے صنعتوں کو غیراعلانیہ گیس کی بندش کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔