تاریخ میں پہلی بار پاکستان کا نام بھارتی ٹیم کی جرسی پر سج گیا

کراچی: کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کا نام بھارتی کرکٹ ٹیم کی جرسی پر سجے گا۔
بھارتی ٹیم کی ایشیا کپ کے لیے تیار شدہ جرسی پر پاکستان کا نام بھی درج ہے، شوپیس ایونٹ کا آغاز 30 اگست کو گرین شرٹس اور نیپال کے درمیان میچ سے ہوگا، یہ ایونٹ مکمل طور پر پاکستان میں ہونا تھا، تاہم بھارت نے اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا، جس کی وجہ سے 4 میچز پاکستانی گراؤنڈز اور باقی تمام مقابلے سری لنکا میں ہوں گے۔
بھارت نے کبھی اپنی ٹیم جرسی پر پاکستان کا نام نہیں لکھا، تاہم اس بار ایشیا کپ کا اصل میزبان چونکہ وہی ہے اس لیے بی سی سی آئی کو نہ چاہتے ہوئے بھی اپنی ٹیم کی جرسیوں پر ایشیا کپ کے لوگو کے ساتھ پاکستان لکھوانا پڑا۔ جب بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے دوران میدان میں اترے گی تو اس کے کھلاڑیوں کی شرٹ پر پاکستان کا نام جگمگارہا ہوگا۔
ایشیائی میگا ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 2 ستمبر کو کینڈی میں ہوگا جس کے ہاؤس فل رہنے کی توقع ہے، اگر دونوں سپر 4 اور فائنل میں جگہ بنائیں تو ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر روایتی حریفوں کے درمیان 3 مرتبہ مقابلہ ہوسکتا ہے۔ شائقین بھی دونوں ٹیموں کے ایک دوسرے کے خلاف مدمقابل آنے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔
یہ ایونٹ بھارتی سینئر جوڑی روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کیلیے بھی کافی اہم ہے، انہیں ورلڈکپ سے قبل رنز بناکر اعتماد بحال کرنا ہوگا، ایشیا کپ سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ بھی لگے گا، ایونٹ کے ٹکٹس کی فروخت بھی جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔