انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ پاکستان منسوخ کردیا
لندن/ لاہور: نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا۔
انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ رواں سال کے اوائل میں ہم نے اکتوبر میں ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان میں دو ٹی20 میچ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی تھی اور اس کے ساتھ خواتین ٹیم کے مختصر ٹور کی بھی منظوری دی تھی۔
اس سلسلے میں بتایا گیا کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے اس ہفتے کے اختتام پر خواتین اور مردوں کی ٹیموں کے ان اضافی میچز کے حوالے سے اجلاس طلب کیا اور ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ہم نے ہچکچاہٹ کے ساتھ دونوں ٹیموں کی دورے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔
بورڈ نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی ذہنی اور جسمانی صحت کی نگہداشت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم جن موجودہ حالات سے گزررہے ہیں اس میں یہ مزید اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے کا سفر کرنے کے حوالے سے بھی کچھ تحفظات ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ اگر ہم یہ دورہ جاری رکھتے ہیں تو اس سے ہمارے کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھے گا جو پہلے کووڈ-19 کی پابندیوں کے ماحول سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہیں،
بیان میں کہا گیا کہ ہمارے مردوں کے ٹی 20 اسکواڈ کے حوالے سے مزید پیچیدہ صورت حال ہے، ہمارا ماننا ہے کہ ان حالات میں دورہ کرنا ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاریوں کے سلسلے میں مناسب نہیں، جہاں اس ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ہم سمجھ سکتے ہیں کہ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے مایوس کن ہوگا جو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے مستقل انتھک کوششوں میں مصروف ہے۔
ان کا کہنا تھا انگلش اینڈ ویلز کرکٹ کی جانب سے گزشتہ دو سیزنز کے دوران مکمل سپورٹ دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہم اس فیصلے سے پاکستان کرکٹ پر مرتب ہونے والے اثرات پر بہت معذرت خواہ ہیں اور ہماری اصل توجہ 2022 میں اصل دورے کا وعدہ پورے کرنے پر مرکوز ہے۔
دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا کہ انگلینڈ کا اپنے کیے گئے وعدے سے پیچھے ہٹنا مایوس کن ہے۔ انگلینڈ اس وقت دستبردار ہوا جب ہمیں زیادہ ضرورت تھی، ان شاء اللہ ہم ان حالات سے باہر نکل آئیں گے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ قومی ٹیم کے لیے ایک ویک اپ کال ہے، جب ہم دنیا کی بہترین ٹیم بنیں گے تو کھیلنے والوں کی لائن لگ جائے گی۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کو یک طرفہ طور پر سیکیورٹی کو وجہ بناکر منسوخ کردیا تھا۔ اب انگلینڈ کی جانب سے دورے سے انکار سامنے آیا ہے۔