افغان طالبان کی نیت پر شک کی کوئی وجہ نہیں: ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی، میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی نیت پر شک کی کوئی وجہ نہیں۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ پاکستانی سلامتی یقینی بنانے کے لیے طالبان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ طالبان نے کئی مواقع پر دہرایا ہے کہ کسی گروہ یا دہشت گرد تنظیم کو کسی ملک بشمول پاکستان کے خلاف کسی دہشت گرد سرگرمی کے لیے افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ان کی نیت پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں اور اسی لیے ہم ان سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اپنے قومی مفاد کا تحفظ کرسکیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بارڈر مینجمنٹ میں مسلسل بہتری لائی جارہی ہے اور مستقبل قریب میں اس کو مکمل طور پر محفوظ بنادیا جائے گا۔ ہمارا ہمیشہ سے مقصد سرحد کے اس طرف والے حصے پر بہتر مینجمنٹ رہا ہے۔ پاکستان افغان سرحد پر باڑ لگانا اس خطے کی ہیئت اور دوسری مشکلات کی وجہ سے ایک بڑی ذمے داری تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان نے بارڈر کے 90 فیصد حصے پر باڑ لگانے کا کام مکمل کرلیا ہے۔ بارڈر مینجمنٹ میں مسلسل بہتری ہورہی ہے اور ہم پُرامید ہیں کہ مستقبل قریب میں اس کو مکمل طور پر محفوظ بنادیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے بھارتی میڈیا نے طالبان کے پنج شیر پر حملے کے حوالے سے خود کو پیش کیا ہے وہ اس بات کی کافی شہادت ہے کہ ان کا میڈیا جعلی خبروں اور جھوٹی گھڑی گئی کہانیوں پر پروان چڑھتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔