ڈالر کی بلند ترین پرواز، ملکی تاریخ میں پہلی بار 193 پر پہنچ گیا

کراچی: ڈالر نے آخر کار بلند ترین پرواز کر ہی ڈالی اور ملکی تاریخ میں پہلی بار 193 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق روپے کی بے قدری اور ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے، جمعہ کی صبح کی ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
صبح انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں ایک روپیہ 30 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قدر 193 روپے سے زائد ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 193 روپے سے زائد قیمت پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق آج شام مارکیٹ بند ہونے تک ڈالر کی قدر میں مزید اضافے کا امکان ہے، یکم اپریل سے اب تک ڈالر تقریبا 8 روپے تک مہنگا ہوچکا، سیاسی عدم استحکام اور آئی ایم ایف سے بات چیت میں ناکامی کی وجہ سے ڈالر بے قابو ہوا۔
واضح رہے کہ بیرونی ادائیگیوں اور درآمدی بل کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر پر پڑنے والے دباؤ سے شرح مبادلہ بھی کم ہورہی ہے۔
نئی حکومت تاحال سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت سمیت دوست ملکوں سے کوئی بیل آؤٹ پیکیج لینے میں ناکام رہی ہے جب کہ چین سے بھی حال ہی میں پوری ہونے والی قرضے کی مدت میں بھی توسیع نہ ہوسکی اور آئی ایم ایف سے مذاکرات میں بھی خدشات درپیش ہیں۔
زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی، قرضوں کی مدت میں توسیع، بیل آؤٹ پیکج سمیت کئی مسائل کے اثرات فاریکس مارکیٹ پر بھی مرتب ہورہے ہیں جس سے روپے کی قدر کمی کا شکار ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔