بھارت، کورونا سے ریکارڈ ساڑھے چار ہزار اموات: مودی بدترین حکمراں قرار!

نئی دہلی: ایک دن میں بھارت میں کورونا سے 4 ہزار 529 ہلاکتیں ہوئی ہیں، جس کے بعد پُرانے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 529 ہوگئی جو اب تک کی ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس مہلک وائرس سے 2 لاکھ 67 ہزار 334 افراد متاثر ہوئے جو پچھلی تعداد کے مقابلے میں کم ہے، تاہم ہلاکتوں میں اضافہ بدستور جاری ہے۔
بھارت میں کورونا کی تازہ لہر نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، اسپتال میں مریضوں کے لیے بستر کم پڑ گئے اور آکسیجن کی قلت کا سامنا رہا۔ اس صورت حال نے مودی سرکار کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔
بھارت میں ’’مارننگ کنسلٹ ٹریکر‘‘ کے ہونے والے ایک تازہ سروے میں وزیراعظم نریندر مودی کی مقبولیت انتہائی تیزی سے گرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے مودی سرکار کو اب تک کی سب سے بری حکومت قرار دیا۔


خیال رہے کہ بھارت میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 2 کروڑ 52 لاکھ سے تجاوز کرگئی اور یہ مہلک وائرس ملک بھر میں اب تک 2 لاکھ 78 ہزار افراد کی جان لے چکا ہے جب کہ بھارت میں 17 کروڑ 57 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔