کورونا سے زیادہ متاثرہ شہروں میں پشاور سرفہرست، کراچی کا دوسرا نمبر!

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں پشاور پہلے اور کراچی دوسرے نمبر پر ہے۔
کورونا صورت حال پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وبا سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
این سی او سی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی اوسط شرح 7.20 فیصد ہے جب کہ پشاور، کراچی اور حیدرآباد سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں شامل ہیں۔
مثبت کیسز کی سب سے زیادہ شرح پشاور میں 19.65 فیصد، کراچی 17.73 فیصد اور حیدرآباد میں 16.32 فیصد ہے، آزاد کشمیر 10.79، صوبہ بلوچستان 6.41، گلگت بلتستان میں مثبت کیسز کی شرح 04.81 فیصد ہے۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر نے کہا کہ عوام کا تحفظ ہماری اہم ذمے داری ہے، کورونا سے بچنے کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 113 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور صرف ایک دن میں مزید 54 اموات سامنے آئیں۔
پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 17 ہزار 160، سندھ میں 1 لاکھ 68 ہزار 783، خیبرپختونخوا میں 46 ہزار 281، بلوچستان میں 17 ہزار 8 جب کہ اسلام آباد میں 28 ہزار 980 تک پہنچ گئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔