کورونا لاک ڈاؤن، بسمہ گول روٹی، پراٹھا بنانا سیکھ گئیں

لاہور: قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے باعث لاک ڈاؤن کی صورت حال میں گھر میں جتنا عرصہ رہنا پڑا، اس دوران میں نے گراؤنڈ کی طرح گول روٹی اور پراٹھا بنانا سیکھ لیا ہے۔
بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ کھانا بنانا تو پہلے بھی آتا تھا لیکن روٹی اور پراٹھا نہیں بناسکتی تھی جو اب بنانا آگیا ہے۔
بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ 5 ماہ سے گھر میں ہوں، گھر کے کام کاج تو بہت کرلیے اب بس کرکٹ کھیلنی ہے، خواتین کرکٹرز سے رابطہ رہتا ہے وہ بھی بس ایک ہی بات کہتی ہیں کہ گھر کے بہت کام کرلیے، اب ہمیں کرکٹ کھلاؤ۔
قومی ویمن کپتان نے کہا میں سمجھتی ہوں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ کے دوبارہ سے آغاز کے لیے ایس او پیز تیار کررہا ہوگا، اس کے لیے ہمیں بائیو سیکیور ماحول میں بھی رہنا پڑا تو رہیں گی، کیونکہ کبھی ہم اتنا عرصہ کرکٹ سے دُور نہیں رہیں، اس لیے ہمیں اب کرکٹ کھیلنی ہے، بس اب کرکٹ شروع ہونی چاہیے۔


میڈیا سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ مجھے سسرال بہت اچھا ملا، میری شادی فیملی میں ہوئی اور انہیں پہلے ہی علم تھا کہ میں کتنی مصروف رہتی ہوں اور مجھے کھیل کو کتنا وقت دینا پڑتا ہے، اس لیے انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہوا بلکہ مجھے سسرال نے سپورٹ کیا اور یہی وجہ ہے کہ میں نے شادی کے بعد بھی کھیل جاری رکھا ہوا ہے۔
بسمہ نے کہا کہ اگر میرے سسرال والے مجھے سپورٹ نہ کرتے تو میں کب کی کرکٹ چھوڑ چکی ہوتی، میرے سسرال والے جڑانوالہ میں رہتے ہیں جب کہ مجھے کرکٹ کے لیے لاہور میں رہنا پڑتا ہے، اس پر بھی انہوں نے کبھی اعتراض نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ میری ساس ڈینٹسٹ ہیں، انہیں علم ہے کہ ورکنگ ویمن کو کتنا مصروف رہنا پڑتا ہے، اس لیے میری ساس نے مجھے کبھی روکا ٹوکا نہیں بلکہ وہ مجھے متحرک رکھتی، حوصلہ افزائی کرتی اور پوچھتی رہتی ہیں کہ میرے میچز کب شروع ہورہے اور میری اگلی اسائمنٹ کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔