پاکستان چھوڑنے کا ارادہ، خواتین کے لیے محفوظ نہیں لگتا، عائشہ عمر

کراچی: اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ وہ پاکستان چھوڑنے کا ارادہ کررہی ہیں کیونکہ انہیں یہ ملک خواتین کے لیے محفوظ نہیں لگتا۔
عائشہ عمر نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا، میرا سب سے بڑا مسئلہ اس ملک میں یہ ہے کہ میں یہاں خود کو محفوظ نہیں سمجھتی، چاہتی ہوں سڑک پر چل، چہل قدمی کرسکوں، یہ ہر کسی کی بنیادی ضرورت ہے کہ کھلی ہوا میں واک کی جائے۔
انہوں نے کہا یہ انتہائی افسوس ناک بات ہے، مجھے گاڑی میں نہیں بیٹھنا سائیکل چلانی ہے سڑک پر میں کیوں نہیں چلاسکتی؟ یہاں تک کہ پوش علاقوں میں بھی خواتین ایسے نہیں نکل سکتیں، صرف کووڈ 19 کا وقت تھا جب ہم سڑک پر چہل قدمی کیا کرتے تھے اور سائیکل چلاتے تھے۔
عائشہ نے کہا یہاں پاکستان میں خواتین لڑکوں کی وجہ سے پارک نہیں جاسکتیں، کچھ لڑکے آوازیں کسنا شروع ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کراچی میں ذہنی اذیت اور انزائٹی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا مرد کبھی نہیں سمجھ سکتے کہ ایک پاکستانی عورت کن حالات میں بڑی ہورہی ہے، جن کی بیٹیاں ہیں جن کی بہنیں، بیویاں اور مائیں ہیں وہ شاید سمجھ جائیں لیکن پھر بھی بطور عورت آپ وہ محسوس نہیں کرسکتے، ہر سیکنڈ ایک عورت خوف زدہ ہے۔
اداکارہ عائشہ عمر نے کہا، لاہور میرے مطابق کراچی سے زیادہ محفوظ ہے، ہم آرام سے بسوں میں سفر کرسکتے تھے، میرے ساتھ کراچی میں دو بار ڈکیتیاں ہوئیں، مجھے لوٹا گیا، میں یہ سوچتی ہوں کہ کب وہ دن آئے گا جب میں اپنے ملک میں بغیر کسی ڈر کے پھر سکوں گی، اغوا، ریپ اور چوروں کا کوئی خوف نہیں ہوگا۔
عائشہ کے مطابق ان کی والدہ 30 سال کی عُمر میں بیوہ ہوگئی تھیں اور پھر ان کی والدہ نے اکیلے ان کی اور بھائی کی پرورش کی تو اس دوران اُنہوں نے پاکستان میں بہت سی مشکلات کا بھی سامنا کیا، اس لیے والدہ کبھی نہیں چاہتی تھیں کہ وہ اور ان کا بھائی پاکستان میں رہیں اور یہاں کام کریں۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرے بھائی ہمیشہ کے لیے ڈنمارک منتقل ہوگئے ہیں جس کے بعد اب میں اور میری والدہ بھی پاکستان چھوڑنا چاہتے ہیں کیونکہ سیاسی رہنماؤں نے پاکستان کے حالات بدتر کردیے ہیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔