جتنے ٹیسٹ میچز ملتے ہیں کافی نہیں، ہمیں زیادہ چاہئیں، کپتان شان مسعود

پرتھ: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ہم متاثر کن انداز میں کھیلنے کی کوشش کریں گے، کیونکہ آسٹریلیا بہترین جگہ ہے جہاں ہم اچھا کھیل کر کامیابی حاصل کریں۔
شان مسعود نے پرتھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ابھی پلیئنگ الیون کا فیصلہ نہیں کیا، کنڈیشنز دیکھ رہے ہیں، کمبی نیشن ذہن میں ہے لیکن ایک مرتبہ پھر پچ کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت ٹیم ہم خود کو کنڈیشنز کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرتے ہیں، ہمارے لیے اہم خود کو کنڈیشنز کے مطابق تیار کرنا ہے، ہم بحیثیت ٹیم کچھ مختلف کرنے کی کوشش کریں گے۔
ٹیسٹ ٹیم کپتان کا کہنا تھا کہ ہم متاثر کن انداز میں کھیلنے کی کوشش کریں گے، اگر ہم اچھا نہ کرسکے تو پھر دیکھیں گے کہ کہاں غلطیاں ہوئیں، آسٹریلیا ایک بہترین جگہ ہے جہاں ہم اچھا کھیل کر کامیابی حاصل کریں، 5 روز تسلسل کے ساتھ کرکٹ کھیلی تو ٹیسٹ میں اچھا رزلٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
ایک سوال پر کپتان شان مسعود نے کہا کہ عثمان خواجہ کا پیغام ذاتی ہے اور یہ کرکٹ آسٹریلیا سے متعلق معاملہ ہے، ہم نے اپنا دیکھنا ہے کہ ہمیں کہاں تک اور کیا اجازت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رضوان اور سرفراز احمد پاکستان کے ٹاپ کلاس وکٹ کیپربیٹر ہیں ان کے درمیان فیصلہ کرنا مشکل ہے، دونوں کو کھلانے کا امکان ہر وقت موجود ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں زیادہ ٹیسٹ میچز چاہئیں، جتنے ٹیسٹ میچز ہمیں ملتے ہیں وہ کافی نہیں ہیں۔

شان مسعود نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ہر میچ کا اہم قرار دیا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔