عامر لیاقت کی تدفین عبداللہ شاہ غازیؒ مزار سے ملحق قبرستان میں ہوگی

کراچی: میڈیا انڈسٹری کی معروف شخصیت اور سیاست دان عامر لیاقت حسین کی تدفین معروف صوفی بزرگ عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے ملحقہ قبرستان میں کی جائے گی، جس کے لیے قبر کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنی زندگی میں ہی حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں پانچ قبروں کی بکنگ کرادی تھی، ان کی وصیت تھی کہ مرنے کے بعد اسی قبرستان میں سپردخاک کیا جائے۔
مزار کے اسسٹنٹ منیجر پنو خان نے بتایا کہ 2007 میں عامر لیاقت حسین نے حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں واقع قبرستان میں پانچ قبریں بک کرادی تھیں، جن میں سے چار قبروں میں تدفین ہوچکی ہیں، ایک قبر ان کے والد، دوسری قبر ان کی والدہ، تیسری قبر ان کی پہلی اہلیہ کے والد اور چوتھی قبر نعت خواں خورشید صاحب کی ہے، پانچویں قبر کی جگہ خالی ہے اوریہ قبر ان کے لیے وقف ہے۔
پانچ قبروں پر مشتمل کمپاؤنڈ عامر لیاقت کے والد شیخ لیاقت حسین کے نام سے منسوب ہے۔
مزار انتظامیہ کے مطابق یہ قبر مرحوم عامر لیاقت حسین کے لیے وقف ہے، اس لیے تدفین کے لیے محکمہ اوقاف کی اجازت کی ضرورت نہیں تاہم اہل خانہ کی رضامندی کے بعد قبر کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ فوکل پرسن کا مزید کہنا تھا کہ عامرلیاقت اکثر اس کمپاؤنڈ میں آتے تھے اور اپنے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کرتے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔