خاتون مردہ شخص کے ساتھ قرض لینے بینک پہنچ گئی
برازیلیا: برازیل سے متعلق انوکھا واقعہ منظرعام پر آیا ہے، جس میں مردہ شخص کو خاتون بینک میں قرض لینے پہنچ گئی۔
بیرون ملک کے میڈیا کے مطابق یہ واقعہ برازیل کی ریاست ریو میں پیش آیا، جہاں خاتون وہیل چیئر پر اپنے 68 سالہ بزرگ رشتے دار کو لیے بینک سے قرض لینے پہنچ گئی، جو بے جان اور بے حس و حرکت تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ خاتون بینک سے 3 ہزار 250 ڈالر کا قرض لینے آئی تھی، جس کی ویڈیو بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوئی جو خبروں کے ساتھ سوشل میڈیا کی بھی زینت بنی ہوئی ہے۔
خاتون اپنے مردہ رشتے دار کو بار بار قلم پکڑ کر قرض لینے کے لیے دستخط کا بول رہی تھی، قلم نہ پکڑنے اور آنکھیں بند ہونے پر بینک نمائندے کو تشویش ہوئی جس پر اس نے خاتون سے سوال جواب شروع کیے اور پولیس کو طلب کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بینک پہنچتے ہی خاتون کو گرفتار کیا اور ساتھ ہی مردہ شخص کو سرد خانے منتقل کیا۔
خاتون کے وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ 68 سالہ شخص کا انتقال بینک میں ہوا تھا، جس سے خاتون لاعلم تھی جب کہ پولیس کی فارنزک رپورٹ کے مطابق بزرگ شخص کا انتقال کئی گھنٹے قبل ہوچکا تھا۔