میرپورخاص: 15 سالہ طویل قامت لڑکا مرکز توجہ، عالمی ریکارڈ بناسکتا ہے
میرپورخاص: نویں جماعت کا طالب علم اپنے لمبے قد کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گیا، 15 سالہ شنکر لال بھیل کا قد مزید بڑھنے کا قوی امکان ہے۔
میرپورخاص کے تعلقہ حسین بخش مری کے نواحی گوٹھ ساگدیو بھیل کا رہائشی 15 سالہ شنکر لال کم عمری میں ہی اپنے لمبے قد کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جب یہ لڑکا اپنا گاؤں چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں جاتا ہے تو لوگ اسے بہت غور سے دیکھتے ہیں، بہت سے لوگ اس کے پاس سے گزرتے ہوئے اس کے ساتھ تصویر بھی بنواتے ہیں۔
شنکر لال بھیل نے صحافیوں کو بتایا کہ میں 2007 میں پیدا ہوا اور اس وقت کھان شہر کے گورنمنٹ ہائی اسکول میں نویں جماعت میں پڑھ رہا ہوں، اس وقت میرا قد 7 فٹ 2 انچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے قد کی وجہ سے شرمندہ نہیں بلکہ بہت خوش ہیں کیونکہ وہ اپنے قد کی وجہ سے دوسرے لوگوں میں منفرد نظر آتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ان کی پریشانی صرف یہ ہے کہ انہیں اپنے سائز کا جوتا مشکل سے ملتا ہے اور اگر انہیں آخری سائز کا جوتا مل جائے تو وہ انہیں بہت چھوٹا لگتا ہے۔ شنکر لال کا کہنا ہے کہ اسکول میں اتنی بڑی ڈیسک نہیں جس پر وہ آرام سے بیٹھ سکیں، جس کی وجہ سے وہ تھک جاتے ہیں، ٹانگوں کی تھکاوٹ کو دور کرنے کے لیے اسکول میں چند گھنٹے انہیں کھڑا رہنا پڑتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ رات کو میرے لیے سونا مشکل ہے، کیونکہ چارپائی چھوٹی اور قد بڑا ہے، وہ گوٹھ سے بس کے ذریعے اسکول آتے ہیں، لیکن وہ بس کی سیٹ پر نہیں بیٹھ سکتے اور وہ بس کے اندر کھڑے بھی نہیں ہوسکتے، اس لیے اسے دروازے پر لٹکنا پڑتا ہے۔
شنکر لال کا کہنا تھا کہ جب وہ میرپورخاص یا کسی اور شہر میں جاتے ہیں تو لوگ انہیں گھورتے ہیں اور بہت سے لوگ ان کے ساتھ تصاویر لینے کو کہتے ہیں۔ شنکر لال کے والد نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے بیٹے کا قد لمبا ہے، یہ سچ ہے کہ شنکر کا سائز کا جوتا کہیں نہیں مل سکتا اور اس کے کپڑے سلوانے میں بھی زیادہ کپڑا خریدنا پڑتا ہے، انہوں نے بتایا کہ انہوں نے شنکر کے لیے ایک لمبی چارپائی بھی بنوائی تھی لیکن شنکر کے مسلسل بڑھنے کی وجہ سے وہ چارپائی بھی چھوٹی پڑگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کی عمر ابھی 15 سال ہے، اس کا قد مزید بڑھے گا، اس لیے امید ہے کہ عالم چنا اور نصیر سومرو کی طرح وہ بھی قد میں اپنا ریکارڈ بنا کر ملک کی منفرد شناخت بنے گا۔