کراچی ٹیسٹ ڈرا: امام، سرفراز، سعود، وسیم نے شکست سے بچالیا

کراچی: نیوزی لینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا، امام الحق، سرفراز احمد، سعود شکیل اور محمد وسیم جونیئر نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو شکست سے بچالیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بناکر ڈیکلیئر کردی تھی جب کہ کیویز کو 138 رنز کا ہدف دیا تھا، پانچویں روز محض 15 اوورز کا کھیل باقی تھا۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم کیویز دوسری اننگز میں ساڑھے 7 اوورز کے کھیل میں ایک وکٹ کے نقصان پر محض 61 رنز تک محدود رہی اور کم روشنی کے باعث امپائرز نے میچ کے خاتمے کا اعلان کردیا۔
قبل ازیں قومی ٹیم نے ابتداء میں دو وکٹیں جلد گنوادی تھیں تاہم سرفراز احمد اور امام الحق نے 81 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔ اوپنر عبداللہ شفیق 17، شان مسعود 10 اور نعمان علی 4 اور کپتان بابراعظم 14، سرفراز احمد 53، آغا سلمان 6، محمد وسیم جونیئر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نوجوان بیٹر سعود شکیل 55 جبکہ میر حمزہ 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ایک موقع پر پاکستان کی برتری محض 30رنز کی تھی اور وہ 7 وکٹیں گنوا چکی تھی، اس نازک وقت میں سعود شکیل اور محمد وسیم جونیئر نے ذمے دارانہ باری کھیلیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سودھی نے 6 جب کہ مچل بریسویل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کے بیٹر کین ولیمسن شان دار ڈبل سنچری پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔